
خیبر پختونخوا حکومت کا کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سمیں بلاک کر نے پر غور
پشاور وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں روزانہ دو لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے،جو لوگ ویکسین نہیں لگوا رہے ان کے ساتھ سختی کرنا پڑے گی جبکہ ایسے لوگوں کی موبائل سمیں بلاک کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا وائر س کی چوتھی لہر ڈیلٹا ویرنٹ کی لہر ہے جو کہ بہت خطر ناک ہے،عوام میں اب بھی کورونا ویکسین کے حوالے سے ابہام ہے، خیبرپختونخوا میں 30 فیصد آبادی کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگ چکی ہیں جبکہ 15 لاکھ لوگوں کو دوسری ڈوز دی جاچکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی توویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بھی روک سکتے ہیں، انڈور اجتماعات پر پابندی ہے جبکہ آوٹ ڈور پر 300 لوگوں کی اجازت ہے۔ہفتہ اور اتوار کو تجارتی مراکز بند رہیں گے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بہت جلد کابینہ کا اجلاس ہوگا، اپنا فیصلہ پھر الیکشن کمیشن کو بتائیں گے۔