
طالبان ترجمان سہیل شاہین نے لائیو نشریات کے دوران اچانک خاتون میزبان کو فون کردیا، دنیا حیران رہ گئی
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بی بی سی کی خاتون میزبان کو لائیو نشریات کے دوران براہ راست فون کر دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی میزبان یالدا حکیم افغانستان کی صورتحال پر ایک لائیو رپورٹ پیش کر رہی تھیں جب ان کے فون پر طالبان ترجمان سہیل شاہین نے فون کر دیا۔ یالدا حکیم نے خود ایک ہاتھ میں فون اٹھا کر اپنے مائیکروفون کے ذریعے اس کی آواز سپیکرز میں ڈالی اور سہیل شاہین سے اچانک انٹرویو کیا۔رپورٹ کے مطابق ابتداءمیں یالدا بار بار سہیل شاہین سے پوچھتی ہیں کہ کیا آپ میری آواز سن سکتے ہیں، اس کے ساتھ وہ یہ فقرہ بھی دہراتی ہیں کہ کیا ہمارے ناظرین سہیل شاہین کی آواز سن سکتے ہیں۔ پرڈیوسرز کی طرف سے مثبت اشارہ ملنے پر وہ سہیل شاہین سے سوالات کا سلسلہ شروع کر تی ہیں۔سہیل شاہین اس انٹرویو میں کہتے ہیں کہ جو لوگ کابل اور افغانستان میں رہائش پذیر ہیں انہیں طالبان کی حکومت سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ ہم پرامن انتقال اقتدار کے متمنی ہیں اور ہماری حکومت میں لوگ اپنی معمول کی زندگیاں گزار سکیں گے، جیسی وہ پہلے گزار رہے تھے۔
سہیل شاہین نے اس انٹرویو میں یہ وعدہ بھی کیا کہ طالبان حکومت ایسے کسی بھی شخص سے انتقام نہیں لے گی جو کابل انتظامیہ یا غیرملکی افواج کے ساتھ کام کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم چاہتے ہیں کہ تمام سفارتخانے بدستور کام کرتے رہیں، سفارتکاروں یا دیگر لوگوں کو کسی طرح کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہو گا۔تمام لوگوں کو اپنے کام اسی طرح جاری رکھنے چاہئیں جیسے وہ پہلے سے کرتے آ رہے تھے۔