
شہری غلطی سے کار کی چابی نگل کر موت کے منہ میں چلا گیا، پاس کھڑے لوگ مدد کیوں نہیں کرپائے؟ ایسی کہانی کہ آپ کو بھی قسمت پر افسوس ہوگا
میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) سپین میں سیاحت کے لیے گیا ڈنمارک کا ایک شہری غلطی سے کار کی چابی نگل لینے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔ دی سن کے مطابق ڈنمارک کے اس 37سالہ شخص کا نام بوجوہ ظاہر نہیں کیا گیا۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ اس نے غلطی سے کار کی چابی نگل لی تھی، جس سے اس کی حالت غیر ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو گیا۔ اسے تاخیر سے ہسپتال پہنچایا گیا جس کی وجہ سے ڈاکٹر اس کی جان بچانے سے قاصر رہے۔
رپورٹ کے مطابق اس آدمی کو ہسپتال لیجانے میں تاخیر اس لیے ہوئی کہ سپین کے مقامی لوگ اس کی زبان نہیں سمجھ پائے تھے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ شخص بلند آواز میں اس طرح کی آواز لگا رہا تھا جیسے مدد کے لیے پکار رہا ہو۔ اس کے اردگرد کئی لوگ جمع بھی تھے لیکن کسی کو سمجھ نہیں آئی کہ وہ کیا کہہ رہا ہے، لہٰذا کوئی بھی اس کی مدد نہ کر سکا۔ جب وہ بے ہوش ہو کر گرا تو ایمبولینس کال کی گئی اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ اس نے کار کی چابی نگل لی تھی اور وہ اس سلسلے میں ہی لوگوں سے مدد مانگتا رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سپین کے ضلع کیٹالونیا کی ایک سپرمارکیٹ میں پیش آیا۔پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے اس واقعے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔