
شہزادہ چارلس کے بھائی پرنس اینڈریو پر انتہائی شرمناک الزام لگ گیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فلم پروڈیوسر اور سرمایہ کار جیفرے ایپسٹین پر درجنوں خواتین نے جنسی زیادتی اور جسم فروشی کروانے جیسے سنگین الزامات عائد کیے۔ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ چلایا گیا اور جیل میں ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔ جیفرے کی کئی بین الاقوامی شخصیات کے ساتھ دوستی تھی، جن میں برطانوی شہزادہ اینڈریو بھی شامل تھے۔ چنانچہ اب جیفرے پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرنے والی ایک خاتون نے اس کے دوست شہزادہ اینڈریو پر بھی وہی سنگین الزام عائد کر دیا ہے۔
دی سن کے مطابق اس خاتون کا نام ورجینیا رابرٹس گوئفر ہے جس نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے کئی مواقع پر شہزادہ اینڈریو کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے پر مجبور کیا گیا اور کئی بار شہزادہ اینڈریو نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ورجینیا رابرٹس نے الزام عائد کیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو کے ہاتھوں اس کے ساتھ یہ سلوک جیفرے ایپسین کے گھر اور اس کی دیگر جگہوں پر ہوا، جہاں وہ پارٹیوں میں شریک ہوتی تھی اور پارٹی کے بعد اسے شہزادہ اینڈریو کے ساتھ جسمانی تعلق قائم کرنے پر مجبور کر دیا جاتا تھا۔ شہزادہ اینڈریو کی طرف سے اس الزام کی سختی سے تردید کر دی گئی ہے اور ان کی قانونی ٹیم عدالت میں ان کا دفاع کر رہی ہے تاہم ورجینیا کے وکیل کی طرف سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو کی قانونی ٹیم عدالتی کارروائی میں روڑے اٹکا رہی ہے اور اسے سست بنا رہی ہے۔ واضح رہے کہ شہزادہ اینڈریو کے خلاف یہ مقدمہ ایک امریکی عدالت میں چلایا جارہا ہے۔