
50 ہزار پودے لگے تو شہر جنگل بن جائے گا، لیگی رہنما توفیق بٹ کا گوجرانوالہ میں شجرکاری پر اعتراض
گوجرانوالہ (این این آئی) گوجرانوالہ میں ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کے منصوبے پر (ن)لیگ نے اعتراض کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں درخواست جمع کرادی۔ گوجرانوالہ میں ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کے منصوبے پر اعتراض کرتے ہوئے (ن) لیگ کے ایم پی اے توفیق بٹ نے پنجاب اسمبلی میں درخواست بھی جمع کرادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق توفیق بٹ نے گوجرانوالہ شہر میں شجرکاری پر اعتراض کیا اور کہا کہ شہر جنگل بن جائے گا، درخواست کے متن میں کہا گیا کہ جی ٹی روڈ پر بغیر پلاننگ پودے لگائے جارہے ہیں، بڑی تعداد میں پودوں سے جی ٹی روڈ کے اطراف جنگل بن جائیگا۔درخواست میں کہا گیا کہ جنگل بننے سے سیکورٹی مسائل ہوں گے، خوبصورتی ختم ہو جائیگی۔ایم پی اے توفیق بٹ نے کہا کہ پیر کو پنجاب اسمبلی میں تحریک پر بات ہوگی۔